اہل بیت(ع) نیوز ایجنسی ۔ ابنا ۔ کی رپورٹ کے مطابق بحرین کے بزرگ شیعہ عالم دین آيت اللہ شیخ عیسی قاسم نے مغربی ملکوں اوران کے بعض مشرقی اتحادیوں کو دہشت گردی کا ذمہ دار قرار دیاہے ۔ بحرین کے شیعہ عالم دین شیخ عیسی قاسم نے اپنے ایک بیان میں دہشت گردی کو رواج دے کر مقدس فریضے جہاد اور دین مبین اسلام کو بدنام کرنے کی کوششوں پر کڑی تنقیدکی ہے ۔
آیت اللہ شیخ عیسی قاسم نے کہا ہےکہ دنیاوالے ان لوگوں کو اچھی طرح جانتے ہيں جنہوں نے دہشت گردی کو وجود بخشا ہے ۔
انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کو پروان چڑھانے والے بھی مغرب اور اس کے مشرقی اتحادی ممالک ہیں جو چاہتے ہیں کہ اپنے پست سیاسی مفادات اوراہداف کی تکمیل کے لئے سامراج مخالف مزاحمتی تحریکوں کی حریت پسندانہ آواز اوران کے جمہوری مطالبات کو کچل دیں۔ بحرین کے شیعہ عالم دین نے روز افزوں دہشت گردی کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گرد اور دہشت گردی کو فروغ دینے والے عناصر بھی عنقریب اس کی بھینٹ چڑھیں گے ۔
شیخ عیسی قاسم نے اسی طرح پیمغبراسلام صل اللہ علیہ وآلہ وسلم کی شان میں بے حرمتی کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ جو ممالک پیغمبر اسلام اور مسلمانوں کی توہین کرنے والوں کا دفاع کررہے ہيں وہ کس طرح سے دہشت گردی کا مقابلہ کرسکتےہيں ۔
بحرین کے ممتازشیعہ عالم دین نے مزید کہا کہ جن ملکوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ کا آغاز کیاہے وہی دہشت گردوں کو دین اسلام کو بدنام کرنے اور مسلمانوں کو نقصان پہنچانے کے لئے استعمال کررہے ہیں ۔
.......
/169